نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، شیر محمد تالپور

158

ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی ضلع حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری میر شیر محمد تالپور نے کہا ہے کہ ٹنڈوجام کو تعلقہ کا درجہ ملنا چاہیے صحافی اس وقت جن سخت حالت سے گزر رہے ہیں اس نے دور آمریت کی یاد تازہ کردی ہیں، سیاست اور صحافت ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ٹنڈو جام پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں اپنی جانب سے دیے جانے والے اسقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاسی بحران ہے، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پورا ملک پریشان اور مشکلات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹنڈو جام پریس کلب کے مسائل حل کرانے میں ان کا بھرپور ساتھ دیں کیونکہ صحافت اور سیاست ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں، ان کی وجہ سے جمہوری نظام قائم رہتا ہے۔ ٹنڈو جام کو تعلقہ کا درجہ ملنا چاہیے، یہ حیدرآباد کا سب سے زیادہ اہم شہر اور گیارہ یونین کونسل کا مرکز ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے بات کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈو جام میر خان محمد تالپور نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ٹنڈو جام کے مسائل حل نہ ہوں لیکن ہم نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ عوام کے مسائل حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ٹنڈوجام میں سب سے بڑا مسئلہ نکاسی آب کا ہے، ٹنڈو جام کے سب سے بڑے سیوریج پانی اور بر ساتی پانی کے جوہڑ پر مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے، ہمارے دور سے قبل یہ میونسپل کی اربوں روپے کی اراضی ہے جس کے متعلق ہم نے مقتدر حلقوں کو بارہا لکھا ہے کہ اس کو چھڑانے میں ہماری مدد کریں۔ اس موقع پر صدر پریس کلب خادم حسین لاکھو، جنرل سیکرٹری اعجاز میمن، سینئر صحافی علی محمد جمالی نے انہیں پریس کلب ٹنڈو جام کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی تعلقہ حیدر آباد کے صدر محمد شریف قریشی، سیکرٹری اطلات ڈاکٹر رحیم داد، چیئرمین پریس کلب اورنگ زیب بھٹو، سلیم کے کے، رائو حامد گوہر، محمد اختر، مستنصر جمالی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔