راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے

471

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے 445 رنز کے جواب میں بنگلا دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں بھی مشکلات کا شکار ہے ،مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 86 رنز درکار ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 342رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو دن کی دوسری ہی گیند پر بابر اعظم اپنے گزشتہ اسکور میں بغیر کسی اضافے کے پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 143رنز بنائے۔

اسد شفیق بھی اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 65 پر آؤٹ ہو گئے۔

حارث سہیل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دیگر کوئی بلے باز  خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پ پوری ٹیم 445رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 212رنز کی بھاری برتری بھی حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابو زید اور روبیل حسین نے 3،3 ، تیج الاسلام نے 2 اور عبادت حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی دوسری اننگز

بنگلا دیش نے دوسری اننگز شروع کی تو اوپنر تمیم اقبال اور سیف حسن نے کریز سنبھالی تاہم سیف حسن صرف16 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے،تمیم اقبال بھی 53رنز کے مجموعی اسکور پر 34رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کپتان مومن الحق اور  نجم الحسن شنٹو نے تیسری وکٹ کیلئے71رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور124رنز تک پہنچا دیا مگر نوجوان فاسٹ باؤلر  نسیم شاہ نے  تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹرک کی اور بنگلہ دیش کی ٹیم کی کمر توڑ دی۔

 تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے6وکٹوں کے نقصان پر126رنز بنائے تھے اور اسکو پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 86رنز درکار ہیں اور اسکی صرف4وکٹیں باقی ہیں ۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نسیم شاہ نے4اوریاسر شاہ نے2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔