ترکی طیارہ حادثہ: 3 ہلاکتوں کی تصدیق‘ اضافے کا خدشہ

367
استنبول: رن وے سے پھسل کر ڈھلان میں گرنے والا مسافر طیارہ کئی ٹکڑوں میں تبدیل ہوگیا ہے

استنبول (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرک حکام نے استنبول ائرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 3 ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ بوئنگ 737 طیارہ لینڈنگ کے بعد اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ پایا اور رن وے سے پھسل گیا تھا۔ حادثے میں ازمیر سے استنبول آنے والا پیگاسس ائر لائن کا طیارہ ٹوٹ کر 3حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 179 مسافر زخمی ہوئے۔ تُرک وزیر صحت فخرالدین کوکا کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ترک وزیر کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے اور پروازوں کارخ استنبول کے مرکزی ہوائی اڈے کی جانب پھیرا جارہا ہے۔ حادثہ طیارے کی غلط انداز میں لینڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔