پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے اپنا سرپیٹ رہے ہیں‘ مولانافضل الرحمن

690
پشاور: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مدارس کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

پشاور(خبر ایجنسیاں) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یہاں سب کا حال پشاور بی آر ٹی جیسا ہے، جس شہر میں بی آر ٹی جیسا منصوبہ ہو، وہاں ایک ووٹ نہیں ملتا لیکن سب جیت گئے، پھر بھی حکومت کہتی ہے دھاندلی نہیں ہوئی،حکمرانوںکو ووٹ دینے والے آج اپنا سرپیٹ رہے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیرمولانا فضل الرحمن نے پشاور میں تحفظ مدارس کانفرنس سے خطاب کے دوران میں کہنا تھا کہ گندم، چاول اور کپاس کسی کا ہدف بھی پورا نہیں جبکہ روپے کی قدر گرا کر بھی برآمدات کا ہدف نہیں حاصل کیا جا سکا۔ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو ہم نے تسلیم نہیں کیا اور اس حکومت کی مخالفت جہاد ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے الزام لگایا کہ کشمیر بیچنے والے اب کس منہ سے کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیاں نکال رہے ہیں۔ کشمیر پر امریکی ثالثی کی حمایت والے کو کیا خبر کیا ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں آپریشنز کی حمایت کرنے والے آج وہاں لاشوں پر واویلا کر رہے ہیں۔ جن پارٹیوں نے فاٹا انضمام کے حق میں ووٹ دیا، وہ قوم سے معافی مانگیں۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ کس کے سامنے روئیں، عالمی اسٹیبلشمنٹ آج چاہتی ہے کہ مدارس کو ختم کریں جبکہ ہم نے آزادی مارچ میں دنیا کو بتا دیا کہ ہم منظم اور پرامن لوگ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہو چکی، حکومت نے صرف ایک سال میں قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ حکمرانوں کو ووٹ دینے والے آج اپنا سر پیٹ رہے ہیں۔