شہباز شریف نے برطانوی اخبار کے خلاف عدالت میں کیس دائر کردیا

415

لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف لندن کی عدالت میں کیس دائر کردیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے 2005 میں آئے زلزلے کی امداد چوری کرنے کی جھوٹی خبر شائع کرنے پر برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف لندن کی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کردیا ہے۔ جس کے بعد عدالت کی جانب سے ڈیلی میل اخبار کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زلزلے کی امداد چوری کرنے کی میرے خلاف من گھڑت خبریں عمران خان کی ہدایت پر لگائی گئیں۔ میرے خلاف آشیانہ کیس بھی نیب اور عمران کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے آج تک مجھے فارمل نوٹس نہیں دیا جبکہ عدالت بھی نیب کو کہہ چکی ہے کہ وہ بتائے کہ شہباز شریف نے کہاں کرپشن کی ہے۔