موسم سرمامیں گھر کی آرائش کوئی مسئلہ نہیں!

816

موسم کروٹ لے رہا ہے خشک اور ٹھنڈی ہوائیں سر شام ہی خنکی کا احساس دینے لگی ہیں ۔ یعنی سردیوں کی آمد آمد ہے ۔ گرمی کے دنوں میں گھر کی آرائش کے لیے ٹھنڈے اور ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ سرد موسم میں ایسے گہرے رنگ جو حرارت کا تاثر دیں بہترین انتخاب ٹھہرتے ہیں ۔ یوں بھی ان دنوں اندھیرا ذرا جلد ہی پھیل جاتا ہے ۔ موسم سرما میں دیواروں کی کلر اسکیم بدل دینے سے موسم کی ٹھنڈک خوشگوار حرارت میں تبدیل کی جا سکتی ہے اسی طرح گھر کی دیگر آرائش میں بھی معمولی ردو بدل سے آپ اس مرتبہ سردیوں کو ذرا منفرد انداز سے خوش آمدید کہہ سکتے ہیں ۔
ماہرین تعمیرات کے مطابق موسم سرما کا مزاج ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے گھر کا ماحول قدر ے گرم رکھنا چاہیے ۔ اس ضمن میں سب سے پہلے دیواروں ، کھڑکیوں اور دروازوں کے لیے کلر اسکیم کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ گہرے رنگوں سے مراد سرخ ، نیلا ، کالا یا نارنجی رنگ ہی نہیں بلکہ بیسٹی( مسٹرڈ) شوکنگ پنک یا آتشی گلابی ، پچ یا نارنگی اور گلابی کا مشترکہ رنگ ، سرمئی ، گہرا سبز یا طوطئی سبز اور لیمن گرین بھی ہو سکتے ہیں ۔ گہرے رنگوں کے انتخاب اور استعمال کے لیے طرز تعمیر لوکیشن اور قدرتی روشنی کی فراہمی کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے اور یقیناً یہ آسان مرحلہ نہیں ہوتا ۔ اس کے لیے ماہرانہ رائے کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ مگر ہر شخص کسی انٹیریئر ڈیزاینر کی خدمات نہیں لے سکتا ۔ لہٰذا سمجھ داری اور کفایت شعاری کا تقاضا یہی ہے کہ آپ ذیل میں دیے گئے ان نکات سے فائدہ اٹھائیں۔
کمروں ، لائونج ، کاریڈور یا ٹیرس وغیرہ کی لوکیشن کو سمجھنا ضروری ہے ۔ اگر گھر ویسٹ اوپن ہے تو یقینا ہوا کا گزر بہت اچھا ہو گا ایسے گھروں میں ٹھنڈک کا احساس قدرتی طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ قدرتی روشنی کا مناسب انتظام بھی ضروری ہے ۔ ویسٹ اوپن گھر کے مقابلے میں ایسٹ اوپن مکانات میں ہوا اور روشنی کا گزر کم ہوتا ہے جبکہ گھٹن کا احساس رہتا ہے ۔ اندھیرا ہونے کی وجہ سے ایسٹ اوپن مکانات میں گہرے رنگو ں کا انتخاب ماہر کے ہی مشورے سے کیا جا سکتا ہے ۔ اس کے بر عکس ویسٹ اوپن گھروں میں صرف مکانیت اور اس کے استعمال پر نظر رکھ کر بہترین رنگ کا انتخاب کریں ۔ ایسٹ اوپن گھر کے ٹیرس کے لیے طوطی سبز ، مسٹرڈ ، لیمن یا شاکنگ پنک کلر اسکیم نہایت موزوں رہتی ہے ۔ چاہیں تو کسی ایک نمایاں دیوار پر مندرجہ بالا رنگوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں یا پھر ٹیرس کے لیے مکمل طور پر بھی کسی ایک رنگ کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
بہر حال ٹیرس کی کشادگی اور اس کی طرز تعمیر کے مطابق کلر اسکیم بنائیں ۔ اسی طرح ڈرائنگ روم میں لیمن ، لیونگ روم یا لائونج میں بیچ ،بیڈ روم میں مسٹرڈ کلر اسکیم بہت بھلی معلوم ہوتی ہے ۔ یہ رنگ موسم سرما کے لیے نہایت موزوں ہیں ۔
فلورنگ:
وہ گھر جہاں موزائک ، ماربل ، ٹائلز اور چپس کے فرش ہوں سردیوں میں خاصے ٹھنڈے ہو جاتے ہیں ۔ یہ فرش قدرتی طور پر ٹھنڈے ہوتے ہیں ۔ سرد موسم میں انہیں گرم رکھنے کے لیے ان پر قالین بچھائے جاتے ہیں ۔ مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی گھروں سے قالین اٹھا لیے جاتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق قالین گھر میں حدت بڑھا دیتے ہیں ۔ موسم سرما میں بیڈ روم کے فرش پر قالین ڈالنے سے کمرے کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور صبح سویرے ٹھنڈے فرش پر پائوں رکھتے ہی چھینکیں آنے سے بھی نجات مل جائے گی ۔
پردے:
سلک، کتان ، کیمبرک اور جرسی اور نیٹ کے پردے گرمیوں کے لیے ،جبکہ ویلوٹ کور ڈروئے اور کاٹن کے فیبرک والے پردے سرد موسم کی ٹھنڈ سے گھر کو محفوظ رکھتے ہیں ۔ سرد ہوائوں کامقابلہ کرنے کے لیے کھڑکیوں پر چکیں بھی ڈالی جا سکتی ہیں مگر ان کی پچھلی طرف سے موٹے کپڑے کا استر لگا ہونا چاہیے ۔ پردوں کے رنگ کے حوال سے یہ نقطہ ذہن میں رکھیے کہ موسم سرما کی مناسبت سے میٹریل اور رنگ کا انحصار بھی کسی حد تک کمرے کی کلر اسکیم اور قالین کی میچنگ سے ہی کیا جا سکتا ہے ۔
اگر بیڈ روم میں مسٹرڈ کلر اسکیم کا انتخاب کیا گیا ہے تو بیچ یا پنک کے ساتھ برائون رنگ کا کنٹراسٹ بہت بھلا معلوم ہو گا ۔ اس کے علاوہ کلر اسکیم سے میچ کرتا رنگ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
پیچ کلر اسکیم کے ساتھ پنک ، گرین اور تانبئی رنگ ، لیمن کے ساتھ گرین ، مسٹرڈ اور پیچ رنگ کے پردے نہایت اچھا تاثر دیتے ہیں ۔
فرنیچر:
یوں تو آج کل مقبولت جدید اسٹائلش فرنیچر کی ہے مگر لکڑی کا فرنیچر ہر دور میں پسندیدہ رہا ہے ۔ رنگ اور ساخت کی وجہ سے یہ موسم میں اپنی بہار دکھاتا ہے ۔ لکڑی کی مختلف اقسام سے بنے فرنیچر مختلف خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں ۔ گہری پالش والا لکڑی کا فرنیچر موسم سرما میں آپ کے گھر میں گویا جان سی ڈال دے گا ۔ کلر اسکیم اور پردوں کی مناسبت سے ہی بیڈ شیٹ کشن کو ر اور صوفے کے کورز کی خریداری کی جاتی ہے ۔
آرائشی سامان:
گہری کلر اسکیم والی دیواروں پر پینٹنگ آویزاں کی جا سکتی ہے ۔ سونے کے کمرے میں سائیڈ ٹیبلز پر لیمپ اور پھولوں کے واز بھی دلکش منظر پیش کرتے ہیں ۔ ڈرائنگ روم اور لائونج کے فرنیچر کی ساخت اگر جدید ہے تو ان حصوں کے لیے آرائشی سامان بھی اسی طرز کا ہونا چاہیے ۔
لائٹنگ:
گھر میں خاطر خواہ روشنی کی اہمیت سے کون انکاری ہو گا ۔ سردی کے موسم میں اگر گھر کی کلر اسکیم گہری رکھی جائے تو لائٹنگ کے لیے بھی ردو بدل کی جائے گی ۔ مثال کے طور پر مسٹرڈ ، لیمن ، پیچ یا شاکنگ پنک کلر اسکیم پر سفید ارو دودھیا روشنی انتہائی تیز محسوس ہو گی ۔ ان رنگوں کے لیے سب سے موزوں روشنی زرد ہے ۔ یہ ٹیوب لائٹس کی صورت میں باآسانی دستیاب ہے۔