بچوں سے زیادتی کے واقعات معاشرے پر بد نما داغ ہیں‘ دردانہ صدیقی

128

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ عوض نور جیسے واقعات کا تسلسل معاشرے کے اوپر بدنما داغ ہے ،جہاں پھول جیسی بچیاں اور معصوم لڑکے تک ہوس کا شکار ہوجائیں ایسا معاشرہ انسانی معاشرہ نہیں بلکہ حیوانوں کا معاشرہ کہلاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوض نور کے ساتھ ہونے والے گھناؤنے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے شدید ردعمل میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات پر حکومت ، میڈیا اور دیگر معاشرتی اکائیوں کو بھی نیک نیتی سے اپنا جائزہ لیتے ہوئے اپنے دامن پہ بھی مجموعی نظر ڈالنی چاہیے کہ ہمارے کمزور کردار کے سبب معاشرہ زوال پذیری کا شکار ہے معاشرے میں مادہ پرستی اور ہوس پرستی کا نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اگر چاہے تو درست سمت میں معاشرے کی رہنمائی کرسکتا ہے مگر میڈیا ڈرامے اور انٹر ٹینمنٹ کے نام پر ایسا معاشرہ ترتیب دے رہا ہے جہاں عزت ،عفت،شرم و حیا کی ہر حد پارہوجائے۔ایسے میںمعاشرہ تنزلی کاشکارہوکر انسان نما بھیڑیے ہی جنم دے گا۔ایسے واقعات معاشرے کے ہر طبقے کے لیے تازیانہ ہے حکومت، عدالت، خاندان، تعلیمی ادارے ہوں یا ذرائع ابلاغ سب ہی کو خود احتسابی کی ضرورت ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور حقیقی اسلامی معاشرے کے بغیر ایسے واقعات کی بیخ کنی ناممکن ہے۔