پاکستان بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی سیریز ،لاہور پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کردیا

431

لاہور(جسارت نیوز )پاکستان بنگلا دیش کے درمیا ن24،25اور 27جنوری کو کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے لاہور پولیس کی جانب سے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے‘ جس کے مطابق 17ایس پیز ،48ڈی ایس پیز ، 134انسپکٹرزاور 592اپر سب آرڈینیٹس فرائض سر انجام دیں گے‘میچز کے دوران مجموعی طور پر10ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہونگے‘آپریشن کے ہیڈ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعیدنے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں پولیس بھی بھرپور کردار ادا کرے گی‘میچز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو دیئے جانے والی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں‘ پولیس ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ‘سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں‘رائے بابر سعید نے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ اور اسٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں‘ڈولفن اسکواڈ اورپولیس رسپانس یونٹس کی ٹیمیںکی مسلسل پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے گا‘ قیام گاہ، اسٹیڈیم اور روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرزبھی تعینات کئے جائیں گے‘انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹیموں اور ا سٹیڈیم کے اطراف ہونے والی نقل و حرکت مانیٹر کی جائیگی‘کرکٹ سیریز کے شرکاء کو3 سطحی سکیورٹی حصار سے گزر کر ہی اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت ہو گی‘باڈی سرچ کیلئے میٹل ڈیٹکٹر اور واک تھرو گیٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا‘میچ کے دوران شائقین کو ا سٹیڈیم میں ممنوعہ اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہو گی‘ شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کیلئے پولیس سے تعاون کریں اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں ‘ پولیس کو سکیورٹی انتظامات میں پاک آرمی اور رینجرز سمیت تمام متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت حاصل ہو گی‘رائے بابر سعید نے کہا کہ میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شہریوں کی سکیورٹی کے پیش نظر مخصوص مقامات پر پارکنگ کے انتظامات ہونگے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے ا سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔