پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے

378

پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پاگیا، جس کے تحت تین ٹی ٹوئنٹی، ایک ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک ملاقات میں دی گئی۔نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جس کے بعد مہمان ٹیم واپس چلی جائے گی اور فروری میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے واپس آئی گی ٹیسٹ میچ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا جائے گا، ون ڈے میچ 3 اپریل کو اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کھیلا جائے گا۔

سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے معاون کا کردار ادا کیا ہے۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔