ایران کا امریکہ پر جوابی حملہ

375

تہران: ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لیتے ہوئے امریکی ہوائی اڈوں پر 13 سے زائد میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بغداد میں امریکی ہوائی اڈوں عین الاسد اور اربیل پر حملہ کیا گیا ہے،ایرانی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ میزائل حملوں میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ مناسب جواب دے دیا ہے،حملے میں اسی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں سے ایرانی جنرل کو ہدف بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سیلف ڈیفنس میں کارروائی کی ہے۔

دوسری جانب پنٹاگون نے عراق میں امریکی فوج کے اڈے پر حملے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے ایران سے کیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی میزائل حملوں کے بعد پیغام میں کہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے، امریکی فوج سب سے طاقتور ہے۔

امریکا سے بدلہ لیتے ہی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کرمان میں کر دی گئی۔ ادھرعراق کی پاپولر موبائلائزیشن فرنٹ نے بھی امریکی فوج کے خلاف آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔