اسماعیل ہنیہ کی القدس فورس کے نئے سربراہ سے ملاقات

557

فلسطینی تنظیم حماس کےسیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے حماس کی سینئر سیاسی قیادت کے ہمراہ القدس فورس کے نئے سربراہ بریگیڈئر جنرل اسماعیل قاآنی سے ملاقات کی ہے ۔

ملاقات میں فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے بعض ارکان بھی موجود تھے۔اسماعیل ہنیہ نے ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور جنرل قاسم سلیمانی کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

 تہران میں اپنے خطاب کے دوران اسماعیل ہنیہ نے جنرل سلیمانی کے قتل کو تاریخ کا سیاہ ترین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔

اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ جنرل سلیمانی کو القدس کے شہید ہے جن کی شہادت سے فلسطینیوں کی تحریکِ مزاحمت مضبوط اور تیز ہوگی۔

اس سے قبل اسماعیل ہنیہ نے القدس فورس کے سابق مقتول سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے نائب ابو مہدی المہندس کے جنازوں اور تدفین میں بھی  شرکت کی جب کہ حماس نے اس حوالے سے تعزیتی مجلس کا بھی انعقاد کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے ایران کا اچانک دورہ کیا جب کہ اس سے قبل مصر نے گزشتہ برس دسمبر میں انہیں ایران کا دورہ نہ کرنے کی شرط پر پہلی بار سفر کی اجازت دی تھی ۔