پی آئی سی حملہ کیس: حسان نیازی سمیت 10 ملزمان کی 6 جنوری تک عبوری ضمانت منظور

95

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی آئی سی حملہ کیس میں حسان نیازی سمیت 10 ملزمان کی 6 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔ حسان نیازی سماعت کے موقع پر تاخیر سے پہنچے جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ عدالت نے کہاکہ وکیل ہونے کے باوجود آپ تاخیر سے آئے قانون سب کے لیے برابر ہے جس پر حسان نیازی نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے درخواست ضمانت دوبارہ دائر کی۔ عدالت نے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی سماعت کے بعد حسان نیازی کی 6 جنوری تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے اسی کیس میں دیگر 9 وکلا کی عبوری ضمانتوں میں بھی 6 جنوری تک توسیع کر دی۔ درخواست ضمانت میں ملزموں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا پی آئی سی حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمے میں ملوث کیا لہٰذا عدالت ضمانت منظور کی جائے۔