پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

338

لاہور: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق درخواست وفاقی حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)  کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ  میں پیٹرولیم کی مصنوعات میں قیمتوں میں کمی کے باوجود جنوری کے مہینے میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر 17 فیصد سے زیادہ سیلز ٹیکس وصول کررہی ہے۔

   درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہےکہ وہ ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے اور قیمتوں کو کم کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ، حکومت نے تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی طرف سے دی گئی سفارشات کو منظور کرتے ہوئےجنوری  میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس سے پیٹرول کی قیمت 2.61 روپے اضافے کے ساتھ 116.60 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔