مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے محاصر ے کو 146 روز گزر گئے

232

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 146 روزگزر گئے ، بھارتی فوج نے4  ماہ کے طویل محاصرےمیں 50 سے زائد کشمیریوں کو شہیدکر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کو 146 رواز گزر گئےہیں ، 80 لاکھ کشمیریوں پر زندگی کے دروازے بند پڑے ہیں۔جنت نظیر وادی کے چپےچپے پر بھارتی فوج تعینات ہے۔ کاروبار، اسکول اور مارکیٹیں بندہیں جبکہ  بھارتی فوج مسلسل گھروں میں چھاپے مار کر بے گناہ کشمیریوں کو ہراساں کررہی ہے ۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس نے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے 4 ماہ کے محاصرے پر رپورٹ جاری کردی، کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ وادی میں 4 ماہ کے کرفیو کے دوران 50 سے زائد  افراد شہید ہوئے جن میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں  جبکہ فائرنگ، پیلٹس اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 853 افراد شدید زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں تحریر اعداد و شمار کے مطابق کرفیو کے دوران حریت رہنماؤں سمیت 11 ہزار 400 نوجوانوں کو گرفتار یانظر بندکردیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ 5 اگست کو جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو یونین کا درجہ دیاتو ہنگاموں کے ڈر سے کرفیو نافذ کردیا جو آج تک جاری ہے ۔

بھارتی فوج اور حکومت نے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے مواصلاتی بندش کا سہارا لیا ہوا جس کے باعث کشمیریوں کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہے ۔