حجاج کی رقم سے سود حاصل کیا جاتا ہے، وزارت مذہبی امور

541

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حجاج کرام سےحاصل کردہ رقم پر سود حاصل کیا جاتا ہے جسے حجاج کرام پر ہی خرچ کیا جاتا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت مذہبی امور نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ عازمین حج کی جانب سے جمع کرائی گئی رقوم پر 5 سالوں میں 1 ارب روپے سے زائد کا سود حاصل ہوا۔

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس عازمین حج کی جانب سے 3لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں دی گئیں اور ان درخواستوں کے ساتھ 106ارب 41 کروڑ سےزائدرقم اکٹھی ہوئی جس پر 21 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا تھا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ سود کی مد میں حاصل کی گئی رقوم کو حجاج کرام پر ہی خرچ کیا جاتا ہے۔