اصلاح معاشرہ کے لیے کتب بینی کو فروغ دینا ہوگا، حسین محنتی

609
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کتاب میلے کا دورہ کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کتاب سے دوستی زندگی ہے، معاشرے کی اصلاح اور سماج کی ترقی کے لیے نئی نسل میں کتب بینی کے رجحانات کو فروغ دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری 15ویں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر کے دورے کے دوران کیا۔ کتاب میلے کے کنوینر وقار متین نے صوبائی امیر کا استقبال اور کتاب میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ محمد حسین محنتی نے کتاب میلے کے انعقاد اور بہتر انتظامات کرنے پر کنوینر وقار متین سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ علمی و ادبی سرگرمیوں کے فروغ سے ہی کراچی کی روشنیاں بحال ہوں گی کیونکہ کتاب زندگی ہے۔ مخیرحضرات اور علمی ادبی لوگ لائبریری کلچر کو فروغ دے کر پبلشر اداروں اور اہل قلم کی حوصلہ افزائی کریں۔ صوبائی امیر نے معروف صحافی محمود شام سمیت دیگر علمی و ادبی شخصیات سے ملاقات ملک و ملت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاجبکہ انہوں نے کتاب میلے میں انجمن ترقی اردو، آفاق، اسلامک ریسرچ اکیڈمی، مکتبہ نورحق سمیت مختلف دینی علمی ادبی اور نصابی اداروں کے اسٹال کا دورہ کیا۔صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ یاد رہے کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی کتاب میلہ جاری ہے جہاں ہال نمبر 2 میں اسلامک ریسرچ اکیڈمی کے اسٹال نمبر 27،28،29 پر کتب 50فیصدتک کی رعایت پر دستیاب ہیں۔