فرانس: ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال جاری‘ پُرتشدد ہنگامے

326
فرانس: ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہورہی ہیں

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں ریلوے ملازمین کا احتجاج اور ہڑتال جاری ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز ریلوے ملازمین نے ملک گیر ہڑتال شروع کی تھی، جو جمعہ کے روز بھی جاری رہی۔ اس دوران جمعرات کی شب پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، اور ہنگاموں کے دوران مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کیا، جب کہ پولیس نے ان پر آنسوگیس برسائی۔ ریلوے ملازمین پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک صدر عمانویل ماکروں یہ متنازع فیصلہ واپس نہیں لے لیتے، مظاہرین اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے۔ ریل آپریٹر ایس این سی ایف نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ 90 فیصد ہائی اسپیڈ ٹی جی وی ٹرینوں کی روانگی دوبارہ منسوخ ہوگئی ہے، جب کہ ائرفرانس، ایزی جیٹ اور ریان ائر سمیت مختلف فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ احتجاج کے باعث دارالحکومت پیرس کی 16میٹرو لائنوں میں سے 9 بند پڑی ہیں، جب کہ دیگر بھی متاثر ہوئی ہیں۔ جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث پیرس میں مجموعی طور پر 350 کلومیٹر پر مشتمل سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنے سے ٹریفک جام رہا۔ اس دوران سڑکوں پر سائیکلوں کے لیے مخصوص لائنیں سائیکلوں اور الیکٹرک اسکوٹروں سے بھر ی رہیں۔ ہڑتال کے باعث ہزاروں لوگ اپنے کاموں پر نہیں پہنچ سکے، جب کہ اسکولوں میں بھی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق صرف جمعرات کے روز تقریباً 8 لاکھ افراد نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔ خیال رہے کہ فرانس میں گزشتہ سال سے مختلف طبقات احتجاج کررہے ہیں۔