وزیر خارجہ سے امریکی سفیر کی ملاقات‘باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

295
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی ناظم الامور پال جونز کی ملاقات۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران خصوصی طور پر افغانستان کے امور پر بات چیت کی گئی۔انہوںنے کہاخطے میں تعمیر و ترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ امریکا کی طرف سے افغان امن مذاکرات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ نے گزشتہ روز آئی این جی اوز سے متعلق وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی غیر سرکاری تنظیمیں پاکستان کے مختلف شعبہ جات میںگرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو ڈاکٹر محمد سلیمان، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کو 21صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ میں ’’وژن ایف او‘‘ منصوبے کا آغاز کر دیاہے۔ ’’وژن ایف او‘‘ کے تحت خارجہ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور فارن سروس افسران کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بہت سے نئے پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اطلاعات کی شفاف ترسیل اور رسائی چاہتے ہیں، اقتصادی طور پر کمزور ملک خارجہ محاذ پر اہداف حاصل نہیں کر سکتے۔