حکمرانوں نے کشمیریوں کی مدد نہ کر کے نظریہ پاکستان سے غداری کی، سراج الحق

423
رحیم یار خان : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کشمیر مارچ سے خطاب کررہے ہیں

رحیم یار خان( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کے لیے لائحہ عمل دیں یا عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ حکمرانوں نے ایک طرف مہنگائی کا عذاب مسلط کرکے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے تو دوسری طرف کشمیریوں کی مدد نہ کرکے نظریہ پاکستان سے غداری کی ہے۔ پاکستانی کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔مگر غیور عوام کی قیادت بزدل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔22دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں کشمیر یکجہتی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب جنوبی رائو ظفر اقبال ،صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل اور امیر جماعت اسلامی ضلع رحیم یار خان ڈاکٹر انوار الحق نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر عوام کی بڑی تعدا د نے امیر جماعت اسلامی کو کشمیر مارچ میں شرکت کا یقین دلایا ۔عوام نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی شہ رگ کو بھارتی قبضے سے نجات دلانے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد ایک قبرستان کا منظر پیش کررہا ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مفاد کی جنگ تو لڑرہی ہیں لیکن کوئی بھی کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں۔کشمیری مائیں اور بہنیں مد د کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندرتعمیر کرنے اور کشمیر کوبھارتی یونین کا حصہ بنانے کا الیکشن میں وعدہ کیا تھا اور آج مودی نے دونوں وعدے پورے کردیے۔انہوں نے کہا کہ مودی جس نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کرایا اور جسے یورپ اور امریکا نے دہشت گردقرار دیا آ ج وہ انہی ممالک کی آنکھ کا تارا ہے اور پاکستانی حکمرانوں کا مذاق اڑا رہا ہے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ مغربی دریائوں سے پانی بند کرکے پاکستان کو بنجر بنانا اور کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا مودی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ لیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے کیونکہ ان سب کے پاس امریکا اور یورپ کی شہریت ہے۔ان کے کاروبار بھی انہی ممالک میں ہیں اور ان کے بچے بھی غیرملکی ہیں۔حکمران طبقہ بس اس ملک پرمعین قریشی اور شوکت عزیز کی طرح حکومت کرنے کے لیے آتا ہے اور بعد میں غائب ہوجاتاہے لیکن ہم سب نے تو اسی ملک میں رہنا ہے۔ہم مودی حکومت کو اس کے ناپاک عزائم پورے کرنے کا کبھی موقع نہیں دیں گے،بھلے پاکستانی حکمران اندر ون خانہ ان سے جو مرضی سودے بازی کرلیں جس طرح اس خطے کے غیور عوام نے افغانستان میں روس اور امریکا کو شکست دی ہے اسی طرح کشمیر ی بھارت کو سری نگر میں شکست فاش دیں گے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر مارچ کاانعقاد کررہی ہے جس میں پورے ملک سے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوںگے۔کشمیر آزادی مار چ کا مقصد سوئے حکمرانوں کو جگانا ہے ان حکمرانوں کو جو اقوام متحدہ میں کشمیر پر ایک پرجوش تقریر کرکے اس مسئلے کو مکمل طورپر بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اسی روز کشمیر پرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔