حکومت دیوالیہ ہو رہی ہے، ریاست کی جائدادیں فروخت کی جارہی ہیں، لیاقت بلوچ

370

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کاریں ، بھینسیں ، مرغیاں ، کٹے پہلے بک چکے اب حکومت ریاست کی جائدادیں فروخت کر رہی ہے ۔ عملاً حکومت دیوالیہ ہونے جارہی ہے ،وزیراعظم غلط بریفنگ کی بنیاد پر سیاسی ، معاشی استحکام کے دعوے کرتے ہیں وہ حالات سے بالکل بے خبر ہیں ۔ غربت ، بے روزگاری ، افراط زر ، کرپشن پوری طاقت سے بڑھ رہی ہے اور غریب عوام کچلے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات اور طاقت کی لڑائی جاری ہے ۔ پیداواری لاگت ناقابل برداشت ہے ۔ 15 ماہ میں15 لاکھ افراد روزگار سے محروم ہو گئے ہیں ۔ حکومت مالدار اور بگڑی ا شرافیہ کو پال پوس رہی ہے اور دردر کی ٹھوکریں غریب ، مزدور ،نوجوان اور کسانوں کے لیے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب اور طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ طلبہ کے جمہوری حقوق بحال کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی آئینی ، جمہوری اور عدالتی فیصلے کے تحت ذمے داری ہے ۔ اسلامی نظریہ اور مادر پدر آزاد مغربی امریکی کلچر کے دلدادہ نظریے کی کشمکش میں ہی طلبہ اور نوجوانوں کا اسلامی جذبہ ابھرے گا اور پاکستان اسلامی اور خوشحال ہوگا ۔ امریکی مغربی غلام کیمونزم کے پیچھے نہیں چھپ سکتے۔ اشتراکیت ڈوب گئی اب مغربی سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے ڈوبنے کا وقت ہوگیا ہے ۔ ایک سوا ل کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ کاریں ، بھینسیں ، مرغیاں ، کٹے پہلے بک چکے اب حکومت ریاست کی جائدادیں فروخت کر رہی ہے ۔ عملاً حکومت دیوالیہ ہونے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں تاریخ ساز آزادی مارچ ہوگا ، طلبہ اور نوجوانوں کی شرکت بھی تاریخی ہوگی۔