کراچی میں پانی کا نظام تباہ واٹر بورڈ کی نجکاری ہونی چاہئے ،کمشنر کراچی

532
کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی کورنگی ایسوسی ایشن میں تاجروصنعتکاروں سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا ہے کہ شہر میں فراہمی ونکاسیٔ آب، ٹرانسپورٹ اور سالڈ ویسٹ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، واٹر بورڈ کی نج کاری ہوجانی چاہیے، تجازوات سے متعلق سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر عمل کیا جارہا ہے، ای بی ایم کازوے کے اطراف میں ریور بیڈ کی سطح کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے ظہرانے سے خطاب کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان،سینئر نائب صدر کاٹی محمد اکرام راجپوت اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی کی نکاسی اور فراہمی، ٹرانسپورٹ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جس کے لیے حکومتی و نجی شعبے کی شراکت داری کے ماڈل پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کمیشن کو اپنی پہلی رپورٹ میں پانی کی تقسیم و ترسیل کے نظام میں کی نجکاری کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے مسائل سے بخوبی آگاہی ہے انتظامی امور سے متعلق شکایات کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ کورنگی صنعتی علاقے کو پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کی ضرورت ہے،میرے پاس پانی اور سیوریج کے اختیارات موجود نہیں،کراچی میں پانی بہت ہے لیکن اس کا نظام درست نہیں ہے،واٹر بورڈ کی بھی نجکاری ہونی چاہیے،پانی کے ڈسٹری بیوشن کا نظام پرائیوٹائز ہونا ضروری ہے،کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد ادارہ بہتر ہواہے،کیبل آپریٹرز کو 4 ماہ کا وقت دیا ہے،جس میں تمام تر کیبلز انڈر گراوئنڈ کی جائیں گی،اگلے مون سون سے قبل تمام کیبلز ختم ہوچکی ہوں گی جس سے کرنٹ لگنے کے واقعات ختم ہوں گے، سرکاری اداروں پر کسی برانڈ کے اشتہار نہیں ہونا چاہیے،کے ایم سی اور ڈی ایم سی والے مجھ سے ناراض ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پھول لگانا اور اس کا خیال رکھنا یہ سب کام ہم اپنے گھر میں کرتے ہیں،ہمیں اپنے شہر کا خیال بھی اپنے گھر کی طرح رکھنا چاہیے،ہم نے نجی شعبے کے تعاون سے شہر میں پھول لگائے اور سجاوٹ کی ہے،پی ایس ایل سے پہلے کلفٹن برج پر سجاوٹ کررہے ہیں،ای بی ایم کازوے سے کچرے کا صفایا کردیا گیا۔قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی انتہائی ناقص کارکردگی پر صنعت کاروں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے اس ادارے کی کارکرگی صفر ہے، اس حوالے سے فوری طور پر بڑا فیصلہ کیا جائے۔