فوجی قانون میں ترمیم سے پہلے نیا وزیر اعظم آئیگا ، بلاول

318

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ فوجی قانون میں ترمیم سے پہلے نیا وزیراعظم آئے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، امید ہے عدالتی فیصلے سے ہمیں رہنمائی ملے گی۔بلاول نے کہا کہ وزیراعظم کے رویے سے لگتا ہے وہ قانون سازی کے لیے اتفاق رائے نہیں
چاہتے، عمران خان اپوزیشن رہنماؤں پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، انہوں نے پہلے بھی دوسرے معاملات میں اتفاق رائے پیدا نہیں کیا اور ہر معاملے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔بلاول نے مزید کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت بدستورناساز ہے، آصفہ نے سابق صدر مملکت کو ضمانت کے لیے منا لیا ہے اور اب فیصلہ ہوا ہے کہ آج منگل کو طبی بنیادوں پر آصف زرداری کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے۔