پاک آسٹریلیا سیریز : کینگروز کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری

270

ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں کینگروز کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا جارہا ہے، آسٹریلیا کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسرے ٹیسٹ کیلئے  قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کی جگہ امام الحق، محمد عباس اور ڈیبیو کرنے والے محمد موسیٰ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وسیم اکرم نے محمد موسیٰ کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھ کر پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے، گزشتہ ٹیسٹ کے تیسرے اور چوتھے روز اچھا کھیل پیش کیا تاہم اس میچ میں بھی کوشش کریں گے اچھا کھیل پیش کریں۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا تاہم صرف 8 کے مجموعی اسکور پر جوئے برنس 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس وقت وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور لابوشاگنے موجود ہیں، آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنالیے ہیں جب کہ کھانے کے وقفے کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔