ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ اس کیس کی پیروی کروں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

445

اسلام آباد: سنگین غداری کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے مشرف ٹرائل کیس سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاق کی درخواست دائرکی تھی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کا کہنا ہے کہ ان کا ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ اس کیس کی پیروی کروں ۔

واضح رہے کہ حکومت اور پرویز مشرف کے وکیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستیں جمع کرائیں، جن میں استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کو 28 نومبر کو سنگین غداری کیس کا فیصلہ سنانے سے روکا جائے۔

پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے درخواست جمع کرائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف سے قانون کے مطابق برتاﺅ کیا جائے، میرے موکل کو کیس میں دفاع کرنے کے حق سے محروم کیا گیا ہے. درخواست میں استدعا کی گئی کہ خصوصی عدالت کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 4 اور 10 اے کی خلاف ورزی ہے، 19 نومبر 2019 کا خصوصی عدالت کا فیصلہ معطل کیا جائے۔