دبئی : جائیداد کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی

249

دبئی میں رواں برس جائیداد کی کی قیمتوں میں 10 فیصد، آئندہ برس 5 فیصد کمی متوقع ہے ۔

دبئی میں جائیداد کے ماہرین کی آراء جاننے کے لیے ہونے والے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ دبئی میں گھروں کی قیمتیں سال 2014 میں بلند ترین سطح پر تھیں جن میں اب قریبا ایک چوتھائی کمی واقع ہوئی ہے۔

معاشی ماہرین اور جائیداد کے  تجزیہ کاروں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم نے رواں ماہ 6 سے 20 نومبر کے درمیان ایک سروے کیا  ۔سروے ٹیم کا کہنا ہے کہ دبئی میں گھروں کی اضافی رسد ابھی تک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ دبئی کی معیشت عالمی تجارت پر انحصار کرتی ہے جو امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث خطرات کا شکار ہے ۔

دبئی میں جائیداد کی فروخت  میں گزشتہ دس ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے  جب کہ ماہانہ بنیادوں پرجائیداد کی فروخت کا تناسب 2008 کے بعداکتوبر میں بلند ترین سطح پر رہا۔ماہرین کے مطابق دبئی کی حکومت نے ستمبر میں جائیداد کی منصوبہ بندی سے متعلق ایک کمیٹی بنائی تھی تاہم اس حوالے سے نتائج پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ویزوں کے نظام میں اصلاحات کے ساتھ رسد پر کنٹرول اور  حکومتی مراعات میں اضافے سمیت پراپرٹی سیکٹر میں سرگرمیاں قیمتوں کو متحرک کرنے کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔