جماعت اسلامی 22دسمبر کواسلام آبادمیں قومی کشمیر مارچ کرے گی‘ لیاقت بلوچ

361
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ منصورہ میں تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے 22دسمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخ ساز قومی کشمیر مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم دل و جان سے کشمیر کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے ۔بد قسمتی سے حکومت اور پالیسی ساز بزدلی اور پسپائی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک گیر یکجہتی کشمیر تحریک جاری رکھے ہوئے ہے ۔قومی قیادت کو متحد کرکے قومی کشمیر پالیسی اور کشمیر پر جارحانہ سفارتی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری 5روزہ مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور نہ ہی حکمرانوں کو کشمیر پر لاتعلقی اور سودے بازی کرنے دیں گے ۔علما کرام مساجد اور مدارس کے ذریعے بیس کیمپ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو متحد رکھیں ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے لیے فوڈ سیکورٹی خطرات میں ڈالدی ہے ۔بیرونی قرضوں سود کی لعنت اور عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری سے معاشی بحران ختم نہیں ہوگا۔خود انحصاری کو کے لیے زراعت کی ترقی کو ترجیح دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شوگر مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے ۔اس کے خلاف کسانوں کو احتجاج کا حق حاصل ہے ۔