صوبے کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لیکرچلیںگے، عثمان بزدار

399
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ملاقات کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔2گھنٹے طویل ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پرا سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اوراسپیکرپنجاب اسمبلی نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے مل کر کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی،پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلیںگے،مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے ،کھڑے ہیں اور کھڑے رہیںگے،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،تحریک انصاف کے اتحادی ہیں،ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے،اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔