پاکستان کو بدھ مت کے ورثے پر فخر ہے، عمران خان

401

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کی مختلف تہذیبوں کا مرکزہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ مت جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدھ مت، ہندومت اور سکھ مذہب کے مقدس مقامات پاکستان میں موجود ہیں، جن کی ہر ممکن طریقے سے حفاظت کی جارہی ہے، پاکستان کو بدھ مت کے ورثے پر بھی فخر ہے اور پاکستانی حکومت عام سیاحت کیساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی بھرپور عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے بدھ مت وفد کے پاکستان کے حالیہ دورے سے تمام مذاہب کے مابین امن، ہم آہنگی اور مفاہمت کے لیے اشتراک و تعاون کا قابل قدر پیغام ملا ہے،پاکستان کو اُمید ہے کہ جوگے آرڈر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی،ثقافتی اور مذہبی روابط کو مزید اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا جس سے بدھ گندھارا تہذہب میں لوگوں کی دلچسپی بڑھے گی اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ روابط کو فروغ ملے گا۔ جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ نے بدھ ورثے کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے وزیراعظم عمران خان کے کردار پر شکرگزار ہیں۔ انہوں نے جمہوریہ کوریا میں بدھ ورثے کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کے بدھ زائرین کو پاکستان آنے کی بھی ترغیب دیںگے۔