آصف علی زرداری کا طبی معائنہ، طبیعت بدستور خراب

467

اسلام آباد ( آن لائن ) سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت سنبھل نہ سکی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں زیر علاج سابق صدر کے میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی نقل وحرکت سے منع کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا بلڈ پریشر لیول بہتر نہیں ہو سکا، ان کا شوگر لیول نارمل کرنے کے لیے انسولین میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ آج ان کے دل کے بھی چند ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ سابق صدر کی کمر اور گردن میں بھی درد برقرار ہے جس کے باعث ان کی فزیو تھراپی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ سابق صدر کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق پنجاب حکومت کو کئی درخواستیں دیں، جیل ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا پھر بھی انہیں ذاتی معالج فراہم نہیں کیا جا رہا۔ سیکرٹری اطلاعات پی پی پی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی صحت تشویشناک ہے، دانستہ طور پر سابق صدر تک ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو پنڈی میں قیدرکھنا ہی سنگین سازش ہے، وہ کسی الزام میں سزا یافتہ نہیں بلکہ سیاسی مغوی ہیں، اگر ان کی زندگی کو نقصان پہنچا تو مجرم عمران خان ہوں گے۔