پاک ترک تعلقات اب شراکت داری میں بدل چکے ہیں، صدر عارف علوی

356
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ترکی کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاسر گلر کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز رہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ترک افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل یاسر گلیر کو نشان امتیاز ملٹری دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ترک چیف آف جنرل اسٹاف کو یہ اعزاز دیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی اور ثقافتی ورثے پر محیط گہرے اور مثالی تعلقات ہیں جو اب مضبوط تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہوچکے ہیں، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے، تنازع کشمیر بالخصوص اقوام متحدہ میں ترکی کی جانب سے تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے اشتراک سے انگریزی ٹی وی چینل کا اقدام عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہو گا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء سے جاری مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی ایک دوسرے کے ساتھ ہر فورم پر تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا چاہتے ہیں، ہم ترک حکومت کی جانب سے نیوکلیئر سپلائر گروپ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اصلاحات میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں توانائی، انفرااسٹرکچر اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے، پاکستان میں ترکی کی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے تاہم مکمل دو طرفہ تجارتی صلاحیت کا ادراک کرتے ہوئے اس میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جنرل یاسر نے کہاکہ تنازع کشمیر پر ترکی پاکستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بھارت اور پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کو حل کریں گے۔