پی ٹی آئی قائدین عمران خان کوباور کرائیں وہ اب وزیراعظم ہیں‘ لیاقت بلوچ

228

لاہور( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے بالغ نظر قائدین ہمت کریں اور عمران خان صاحب کو باور کرائیں کہ اب وہ اپوزیشن لیڈر نہیں ، پاکستان کے وزیراعظم ہیں ۔ اگر انجینئرڈ بنیادوں پر وزارت ِ عظمیٰ پر بٹھا دیئے گئے ہیں توکرائے کے تخت سے بے دخلی میں بھی دیر نہیں لگے گی ۔مسلم لیگ اور پی پی پی کی دم توڑتی سیاست میں حکومت خود جان ڈال رہی ہے ۔ وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر سیاسی بحران گھڑ کر مہنگائی ، بے روزگاری ، مسئلہ کشمیر سے لاتعلقی کے معاملے پر مٹی نہیں ڈال سکتے ۔ عوام حساب لیں گے اور کڑا احتساب کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت اور ریاست ایک پیج پر ہونے کے دعوے تو بہت ہیں لیکن حکومتی نااہلی ، نکما پن ، کھلنڈرے اور غیر ذمے دارانہ رویے ریاستی اداروں کو بھی متنازع بنا رہے ہیں ۔ریاستی اداروں کی حمایت او ر وضاحت کے بیانات زیادہ دیر عوام کو مطمئن نہیں رکھ سکتے ۔سیاسی ، اقتصادی ، سفارتی بحران بڑھ رہاہے ۔ جمہوری ، پارلیمانی اور سماجی نظام کو خوفناک خطرات بڑھتے جارہے ہیں ۔ قومی قیادت اور قومی ادارے قومی ترجیحات کے لیے اکٹھے ہوں اور بحرانوں سے نکلنے کا علاج تلاش کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت کے ہر منفی حربے اور وزرا کے گرگٹ کی طرح بدلتے موقف کے باوجود عدالتی ایما پر میاں نوازشریف علاج کے لیے برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں ، اللہ تعالیٰ انہیں صحت دے اور واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں ‘ فوجی آمر جنرل مشرف کے مقدمے پر حکومتی خاموشی معنی خیز اور شرمناک ہے ۔ آصف علی زرداری علاج کے لیے کراچی منتقل ہونا چاہتے ہیں تو حکومت سہولت مہیا کرے۔
لیاقت بلوچ