تعلیم انسان کو انسان بناتی اور عمل زندگی بدل دیتا ہے، حسین محنتی

462

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ یہ دنیا جدوجہد، عمل و آگے بڑھنے کی دنیا ہے۔ نوجوان امت کا قیمتی سرمایہ اور ملک و قوم کا مستقبل ہیں۔ تعلیم انسان کو انسان اور عمل اس کی زندگی کو تبدیل کرتا ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران آرٹس کونسل حیدرآبادمیں ’’پہچان پاکستان اسٹوڈنٹ میگا فیسٹیول2019ء ‘‘ سے خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ کے مقامی ناظم سعد حسن قاضی اور اسٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن کے دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا جبکہ اسٹوڈنٹ میگا فیسٹیول میں کیڈٹ کالج پٹارو سمیت مختلف کالجز کے طلبہ شریک تھے۔ محمدحسین محنتی نے کہا کہ دنیا عمل و جدو جہد کا نام ہے جو مقصد زندگی سے ہٹ کردنیا میں کھوجاتا ہے تو پھر وہ دنیا کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا وہ تباہ ہوگیا جس کا آج گزشتہ کل سے بہتر نہیں ہے۔ صرف مال و دولت میں ہی نہیں تعلیم، کاروبار، معیشت، اخلاق، انفاق فی سبیل اللہ سمیت زندگی کے تمام معاملات میں آگے بڑھنے کا فرمایا گیا ہے۔ صوبائی امیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کی خدمت اور اپنے سیرت و کردار کی تعمیرکے لیے جدوجہد اور آگے بڑھنے کا عزم کریں کیونکہ نوجوان نسل کو ہی دنیا کی قیادت کرنی ہے۔ اسٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن طلبہ کی رہنمائی اور ان کی ذہنی، جسمانی صلاحیتوں کی نشوونما کرنے کا ایک بہت اہم ادارہ ہے۔ آج یہ اسٹوڈنٹ میگا فیسٹیول بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنی تعلیم بلکہ سیرت و کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔