نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

425

سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نےن لیگ کےقائدنواز شریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط طور پرنکلوانے کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزارکے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل میں کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کروانے ہیں جن کی سہولت پاکستان میں میسر نہیں،سرکاری میڈیکل بورڈ نے بھی علاج کے لیے بیرون ملک جانے کا مشورہ دیا۔ وفاقی کابینہ نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے مشروط اجازت دی۔

اس موقع پر حکومت کے وکیل نے نواز شریف کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اب رہا ہیں درخواست انہیں دائر کرنی چاہیے تھی۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کے پاس اختیار ہے کہ وہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے شرط عائد کرے، ہم نے یہ دیکھنا ہے کہ کس نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا۔

عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔