متعدد وزراء نواز شریف کو ملک سے باہر جانے کے حامی نہیں،فواد چوہدری

293

وفاقی وزیربرائے  سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ  سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ میں اختلافات پیدا ہوگئےہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہو گی لیکن متعدد وفاقی وزراء نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں اور تمام ارکان نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حامی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری رائے میں نوازشریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی لیکن دیکھتے ہیں پار ٹی کیا فیصلہ کرے گی،تاحال کابینہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری موصول نہیں ہوئی۔

وزیر سائنس نے کہا کہ نوازشریف دوران اقتدار اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کے لئے اسپتال نہیں بناسکے، اس پرمسلم لیگ (ن) کو پہلے قوم سے معافی مانگی چاہیے کہ (ن) لیگ اپنے دور میں ایسا اسپتال نہیں بنا سکی جہاں نوازشریف کا علاج ہوسکے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ کا بیانیہ ہے کہ نوازشریف کو باہر بھیجا جائے کیونکہ ملک میں ایسا کوئی اسپتال نہیں ہے، نواز شریف کی جگہ میں ہوتا تو مر جانے کو ترجیح دیتا یہ نہ کہتا کہ یہاں میرے علاج کے لیے اسپتال نہیں ہے، بہرحال یہ بدقسمتی ہے۔