لاہور ہائیکورٹ:نجی اسکولوں کی اضافی فیس وصولی، فریقین کے وکلا طلب

91

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کی جانب سے اضافی فیس وصول کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کے لیے طلب کرلیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے اضافی فیسوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت سی ای او ایجوکیشن تحریری رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ شہر کے4 ہزار سے زاید اسکولوں کی فیسوں کا ازسرنو تعین کردیا گیا۔اسکولوں کی فیسوں سے متعلق معلومات ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے فیسوں سے متعلق اعتراضات وصول کیے۔ اسکولوں کی طرف سے اضافی فیس وصولی پر 152 والدین کی طرف سے 35 ہزار اعتراضات وصول ہوئیں۔7 نومبر کو اسکولوں کی فیسوں سے متعلق اخبار میں اشتہار دیا گیا۔اسکولوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ اضافی وصول کی گئی فیسوں کو ایڈجسٹ کیا جائے۔مقرر کی گئی فیسوں سے زایدفیس وصول کرنے والے اسکولز کے خلاف کارروائی ہوگی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے باوجود نجی اسکولز اضافی فیسیں وصول کررہے ہیں۔نجی اسکولز عدالتی احکامات کے برعکس من مانی فیسیں وصول کر رہے ہیں، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔