لاہور ہائیکورٹ‘ شاہد رفیع کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد

102

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے سابق سیکرٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کردی،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کے درخواست گزار کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے اورنام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت پر درخواست خارج کی۔جسٹس عائشہ اے ملک نے شاہد رفیع کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2008ء میں رینٹل پاور پلانٹ کے معاملے پر نیب میں ریفرنس دائر کیا گیا۔ نیب نے ملزم کو گرفتار کرکے انکوائری مکمل کرلی اور ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ درخواست گزار اس وقت بیمار ہے اورعلاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتا ہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔ عدالت میں نیب پراسیکیوٹر نے درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کا احتساب عدالت میں ٹرائل چل رہا ہے، ملزم کے بیانات ریکارڈ ہونے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج کرے۔