علامہ اقبال ؒ کا142واںیوم ولادت آج ملک بھر میں منایا جائیگا

173

فیصل آباد ( اے پی پی ) مفکر پاکستان، حکیم الامت، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پید اہوئے، جن کا 142واں یوم ولادت آج کراچی سمیت ملک بھر میں بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل، ضلعی، سٹی ہیڈ کوارٹرز پر نظریہ پاکستان فائونڈیشن، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ، پاکستان مسلم لیگ، علامہ اقبال لورز فیڈریشن اور مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکرے، مباحثے، تقریری مقابلے، بیت بازی کے پروگرامات منعقد کیے جائیں گے جن میں فلسفی شاعر کی تحریک پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یوم اقبال کی مرکزی تقریب فلسفی شاعر کے مزار پر منعقد ہو گی جہاںگارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور کیڈٹس کی تبدیلی بھی ہو گی۔ اس موقع پر ملک بھر کی تمام مساجد میں قرآن خوانی کی محافل بھی منعقد کی جائیں گی جن میں وطن عزیز کی سلامتی ، پاکستان کی نظریاتی ، جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ، اسلام کی سر بلندی ، آئین و قانون کی بالادستی ، غربت ، جہالت ، بے روز گاری ، مہنگائی کے خاتمے ، انتہا پسندی ، دہشت گردی سے نجات ، اتحاد بین المسلمین ، بین المذاہب ہم آہنگی ، اخوت و یگانگت ، بھائی چارے کی فضا کے فروغ ، معاشی وا قتصادی استحکام ، عوامی فلاح ، قومی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔ اس موقع پر الیکٹرونک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کریں گے جبکہ پرنٹ میڈیا بھی خاص ایڈیشن شائع کیے جائیں گے۔