مہنگائی اور کرپشن نے عوام کو بدحال کردیا ہے ،رانا طہٰ خان

143

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطہٰ خان،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانورنے کہا ہے کہ مہنگائی اور کرپشن نے عوام کو بدحال اور ملک کو کنگال کردیا ہے، معیشت کی بحالی، غربت و افلاس سمیت مسائل سے نجات کا واحد حل سود کا خاتمہ، رجوع الی اللہ اور شریعت کا نفاذ ہے۔ کشمیر سمیت قومی و عوامی ایشوز پر وزیراعظم کے مسلسل یوٹرن اورعوام دشمن حکومتی اقدامات نے سیاست میں انتشاراور عوامی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ کشمیر پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے جسے حکومت نے فراموش کردیا ہے۔ اسلام آباد دھرنے اور سیاسی کشمکش کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے جس پر پوری قوم کو افسوس ہوا ہے۔ کشمیر ہمارے لیے زندگی و موت کا مسئلہ ہے جو کشمیر کو اہم نہیں سمجھتا وہ ملک اور نظریہ پاکستان کا وفادار نہیں ہے ۔ راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ نبی ؐ سے محبت صرف زبان سے نہیں بلکہ اپنے عمل سے کر کے ثابت کرنا ہوگا۔ اس لیے فرمایا گیا سب سے پہلے سیاست تجارت صحافت سمیت زندگی کے تمام معاملات میں اپنے اخلاق کو درست اور سیرت النبی ؐ پر عمل کرنا ہے ۔ ربیع الاول کا پیغام یہی ہے کہ دنیا میں نبیؐ کا جھنڈا سر بلند کرنا ہے۔قرآن ہدایت کا سرچشمہ ہے جس کو اپنی زندگی کا دستور بناکر آج پریشان انسانیت دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ نبی مہربان ؐ سے عشق ہمارے ایمان اور ان کی فرمانبرداری اور تعلیمات پر عمل کرنا دین کا حصہ ہے۔ جماعت اسلامی کا پیغام بھی یہ ہے کہ دین کو سمجھنے کے بعد خود مکمل عمل اور معاشرے پر نافذ کرنا ہے۔