پاکستان کا ہر غریب علاج کیلیے بیت المال سے رابطہ کرے، عون عباس

281

فیصل آباد (صباح نیوز) ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا کہ پورے پاکستان میں غریب اور نادار مریض اپنے علاج کیلیے پاکستان بیت المال سے رابطہ کریں، ہم ان کا علاج سرکاری اسپتال سے مفت کروانے کے پابند ہیں، گزشتہ سال اس مد میں تقریباً ایک ارب روپے خرچ کیے تھے جبکہ رواں سال یہ رقم بڑھا کر 4 ارب روپے کردی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام کے تحت دارالاحساس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہپاکستان میں 40 لاکھ یتیم بچے ہیں، دارالاحساس پروگرام کے تحت اس وقت 10 ہزار بچوں کی کفالت کی جارہی ہے، پاکستان بیت المال کے تحت پہلے 36 ادارے کام کر رہے تھے جن کے تعداد بڑھا کر 53 کر دی گئی ہے اس کے علاوہ 160 اسکول چلائے جارہے ہیں جن میں غریب و نادار بچوں کو مفت تعلیم سمیت کتابیں ،کاپیاں، یونیفارم اور وظائف بھی دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کیلیے فی الوقت ممکن نہیں ہے کہ وہ تمام بچوں کی کفالت کرسکے۔ شہر کے عمائدین کم از کم اپنے قریب موجود ایک ایک بچہ اپنی کفالت میں لیں تاکہ یہ بچے بھی زندگی میں آگے بڑھ سکیں کیونکہ جب تک عوام کا ساتھ نہ ہو حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت ڈیڑھ ماہ کے مختصر عرصے میں صرف پنجاب میں پانچویں دارالاحساس کا افتتاح کر دیا گیا ہے اور بہت جلد ریا ست پاکستان اپنے ہر یتیم بچے کی کفالت خود کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھنگ کے دارالاحساس میں 4 سے 6 سال کی عمر کے 100 یتیم بچوں کو خوراک لباس رہائش اعلیٰ تعلیم و تربیت سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیںگی۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ یونیورسٹی کے مکمل فعال ہوتے ہی پاکستان بیت المال 50 مستحق اور لائق طالب علموں کو حصول تعلیم کیلیے وظائف فراہم کرے گا۔ ایسے طلبہ ملک بھر کی کسی بھی سرکاری یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کیلیے پاکستان بیت المال سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ عمران خان کے ریاست مدینہ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں پاکستان بیت المال مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ پورے پاکستان میں چلنے والے دارالاحساس کے تمام اداروں میں بچوں کو بہترین بنیادی سہولیات دی جارہی ہیں۔
ایم ڈی پاکستان