ایک ہی سال میں حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو گئی ہے

167

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ ایک ہی سال میں حکومت کی ناکامی ہر شعبہ میں ثابت ہو گئی ہے۔ تاجروں، اساتذہ اور ڈاکٹروں سمیت عوامی احتجاج نے حکومت کے دل کی دھڑکن مدھم کردی ہے۔ حکومت کے خلاف لوگوں کے احتجاج کا کریڈٹ بھی حکومت کو ہی جاتاہے۔ سیاست اور جمہوریت کو چند خاندانوں نے یرغمال بنا رکھاہے۔ یہی خاندان سابقہ حکمران پارٹیوں اور پرویز مشرف کے ساتھ تھے۔ سیاسی و معاشی دہشتگردی مسلح دہشتگردی سے زیادہ خطرناک ہے لیکن اس پر قابو پانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے شہر کے مختلف صوبائی حلقوں کے دورہ کے دوران کارکنان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک پر عشروں سے مسلط ظلم و جبر کے نظام کو ختم کیے بغیر عام آدمی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ حکومت اسی راستے پر گامزن ہے جس پر چلتے ہوئے سابقہ حکمران پارٹیوں نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں پھنسایا۔ آج بھی وہی چہرے کابینہ میں نظر آتے ہیں جو مشرف حکومت اور سابقہ حکمران پارٹیوں کے ساتھ تھے۔ جب تک یہ لوگ موجود ہیں غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا رہے گا۔ جب تک سرمایہ داراور جاگیردار اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، غریب کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں آسکتا۔ ان کی سیاسی موت پاکستان کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے از حد ضروری ہے۔ نے کہاکہ حکومت احتساب میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اگر حکومت احتساب کرتی تو سب سے پہلے احتساب کے شکنجے میں وہ لوگ آتے جو اس کی بغل میں بیٹھے ہیں۔ یہ احتساب نہیں سیاست کرتے ہیں اور ان کی سیاست کا اصل ہدف غریب کی زندگی اجیرن بنانا اور انہیں زندہ درگور کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک ہی کلب کے لوگ ہیں ان سے کسی بہتری کی امید رکھنا خود فریبی کے علاوہ کچھ نہیں۔ نے کہاکہ کشمیر کا مسئلہ دب گیااور غریب کا ختم ہوگیاہے۔ حکومت کشمیر اور عوام دونوں کو بھول چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ تین ماہ سے 80 لاکھ کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں مگر حکومت نے اب تک کوئی عملی قدم اٹھایا نہ قوم کو اس حوالے سے کوئی لائحہ عمل دیا۔