انقرہ: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف یوم سیاہ کی تقریب

389
انقرہ: ترک رکن پارلیمان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں
انقرہ: ترک رکن پارلیمان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے میں تقریب سے خطاب کررہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کشمیریوں کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر ترک پارلیمان میں غازی انتیپ کے رکن پارلیمان اور ترکی پاکستان پارلیمانی گروپ کے چیئر مین علی شاہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر دنیا کے اہم مسائل میں سے ایک ہے اور اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات اور ضروریات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ ان کاکہنا تھا کہ ترکی اس ضمن میں اپنے تعمیری کردار پر عمل جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر وہاں کے عوام کے لیے جیل کی شکل میں بدل چکی ہے۔ اس سر زمین پر بھارتی فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرتی چلی آرہی ہے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان قابل رشک تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے عوام نے ترکی کی جنگِ نجات اور قبرص کی جنگ کے موقع پر انقرہ کی حمایت اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی کھل کر حمایت کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے قضیہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمے داریوں کو نبھانے کی اپیل کی۔انقرہ میں پاکستانی سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے کشمیری عوام کے خلاف بھارتی فوج کی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے ترک حکام اور شرکا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کی۔