رہبر کمیٹی حکومت سے مذاکرات کو طول نہ دے، مارچ متاثر ہوگا، فضل الرحمن

146
لاڑکانہ: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
لاڑکانہ: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

 لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہی ہے۔ ٹرانسپورٹرز اور پٹرول پمپ والوں کو گاڑی اور پٹرول دینے سے روکا جارہا ہے، وسری جانب انصار الاسلام پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ انصارالاسلام حکومتی اجازت سے صرف جلسے اور انتظامات کو سنبھالتی ہے، ایک طرف پابندی لگائی جارہی ہے اور دوسری طرف کہا جارہا ہے کہ آپ غیرمحفوظ ہیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی جعلی ہے، اتنی دھاندلی اور اتنی نااہل حکومت آج تک نہیں دیکھی۔ میں نے رہبر کمیٹی کو ہدایت دے دی ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کو طول نہ دیا جائے اس سے مارچ متاثر ہو سکتا ہے، حکومت کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ واضح کر دیا جائے اور بتایا جائے کہ وزیراعظم کے استعفے سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ نواز شریف نے قربانی دی ہے اگر ان کی حالت زیادہ دن اسی طرح رہتی توان کا جنازہ نکلتا۔انکا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی ذیلی تنظیم پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری ہوا ہے، انصارالاسلام جمعیت کا اہم شعبہ ہے،انصار الاسلام پر پابندی کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں عملدرآمد نہیں کریں گے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میڈیا پر انصار الاسلام کی فوٹیج چلائی جا رہی ہیں وہ پشاور کی ہے ۔ اس کی اجازت ڈپٹی کمشنر نے دی۔ رضاکاروں کو روکنے والی اتنی بزدل حکومت نہیں دیکھی۔