وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لسبیلہ کو ماڈل سٹی بنانے کے احکامات جاری

154

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لسبیلہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ماڈل سٹی بنانے کے احکامات جاری کردیے ہیں، لسبیلہ کے صنعتی شہر حب وندر اوتھل اور بیلہ کے لیے خصوصی ماسٹر پلان بنایا جارہاہے، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی معاونت سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہے، لسبیلہ کو تربت سٹی سے بھی خوبصورت اور زیادہ ترقی یافتہ صنعتی شہر بنانے کے لیے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے حب بائی پاس منصوبے کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے دوران علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر منصوبے کے تعمیراتی
کام سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ڈی سی لسبیلہ نے 65 کروڑ روپے کی لاگت سے حب بائی پاس منصوبے کے مختلف سیکشن پر جاری کام کا معائنہ کیا، ڈی سی لسبیلہ کو بتایاگیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کے دورے کے موقع پر جاری کیے گئے احکامات کے مطابق حب بائی پاس پروجیکٹ کو مقررہ مدت سے قبل اپریل تک پایہ تکمیل تک پہنچایا۔اس سلسلے میں تعمیراتی منصوبے پر کام کی رفتار تیز تر کردی گئی ،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے پروجیکٹ پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اس منصوبے کی تکمیل کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے ترجیحی بنیاد پر منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مطلوبہ فنڈذ ریلیز کردیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے ساکران میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معائنے کے علاوہ حبکو کا دورہ بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل کا کہنا ہے کہ 5ہزار میگاواٹ کے پروجیکٹ کی تکمیل سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
حب لسبیلہ ماڈل سٹی