بے روزگاروں کا بڑھتا لشکر حکومت کا خاتمہ کردے گا، لیاقت بلوچ

354

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بے روزگاروں کا بڑھتا لشکر حکومت کا خاتمہ کردے گا ،عمران سرکار اقتصادی محاذ پر مکمل ناکام ہے ، زراعت اور تجارت وصنعت سے وابستہ افراد کے تعاون اور اعتماد کے بغیر معاشی بحران ختم نہیں ہوسکتا ، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے احکامات کی بجا آور ی نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیاہے ، زراعت ، تجارت اور صنعت کا پہیہ چلے گا تو سرمایہ کاری ہوگی اور عوام کو روزگار ملے گا ۔ طلبہ یونینز بحال کی جائیں، قومی اور صوبائی بجٹ میں دفاع کے ساتھ تعلیم کو ترجیح دی جائے ۔ قومی زبان اردو کو غیر طبقاتی اور یکساں نظام تعلیم کی کلید بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تاجروں کے وفد سے گفتگو اور اٹک میں حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سفارتی محاذ پر وزیراعظم تیاری اور قومی قیادت کے تعاون کے بغیر پاکستان کے لیے مزید مشکلات پیدا نہ کریں۔ قومی اتفاق رائے سے قومی کشمیر پالیسی بنائی جائے ۔ مسئلہ کشمیر کا حل جہاد فی سبیل اللہ ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نئی نسل اور ملک و ملت کے مستقبل، طلبہ برادری سے غیر منصفانہ اور غیر حکیمانہ طرز عمل ترک کریں ۔ قومی اور صوبائی بجٹ میں دفاع کے ساتھ تعلیم کو ترجیح دی جائے ۔ قومی زبان اردو کو غیر طبقاتی اور یکساں نظام تعلیم کی کلید بنایا جائے ۔ہائر ایجوکیشن سائنس ، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے بغیر بے کار ہے۔ہر ضلعے کی سطح پر اعلیٰ معیار کی جامعات قائم کی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے جہاد کشمیر میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر طلبہ و طالبات کو جمہوری حقوق سے محروم نہ کیا جائے ۔ طلبہ یونینز بحال کی جائیں ۔