وزیر داخلہ میرے حلقے کے فنڈز استعمال کررہے ہیں، برجیس طاہر

119

سانگلہ ہل (آن لائن) سابق وفاقی وزیر امور کشمیر، پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے عمران خان کے ذریعے میرے حلقہ NA117 سانگلہ ہل کے 15کروڑ کے ترقیاتی فنڈ رکواکر اپنے حلقہ میں لگوالیے ہیں جو میرے حلقے کے عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے ،ان فنڈز کی بندش سے میرے حلقے کی متعدد سڑکیں اور خاص طورپر سانگلہ ہل موٹروے کو جانے والی اہم ترین سڑک کی تعمیر رُک چکی ہے ۔ اتوار کو سانگلہ ہل میں عوامی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہونے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ میرے حلقہ کے ترقیاتی کاموں کو شروع کریں اور بیشک اپنے نام کی تختیاں لگوالیں اور میرے حلقہ میں آکر جلسے کریں اُن کے جلسوں کے لیے بندے ہم دیں گے۔ اس سوال پر کہ نواز شریف تو مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کا ساتھ دینے کا واضح کرچکے ہیں اس پر آپ کا کیا تبصرہ ہے جس پر برجیس طاہر نے کہا کہ میرے قائد میاں نواز شریف جو اعلان اور فیصلہ کیاہے وہ اپنی جگہ درست ہے لیکن اس کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کریں گے اور پوری پارٹی اس پرمن و عن عمل کرے گی ۔