کامیابی ترقی اور خوشحالی کا راستہ دینی وعصری تعلیم کا حصول ہے

135

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوان مسائل اور بے روزگاری کی وجہ سے ضائع ہورہا ہے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی اسلامی تعلیمات کے مطابق تربیت کرتے ہوئے انہیں مسائل وپریشانیوں سے نجات دلاکر تعلیم کے راستے پر ڈالنا چاہتی ہے۔ کامیابی ترقی اور خوشحالی کا راستہ دینی وعصری تعلیم کا حصول ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ کا سی لاہور کا پروگرام نوجوان طلبہ کیلیے فکری و نظریاتی تربیت کا حامل ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور حافظ ذوالنون، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ عمیر ادریس، سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جبران بٹ سمیت بڑی تعداد میں طلبہ رہنماوں نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ انسان کی سب سے بہتر تربیت اس کی جوانی میں ہی ہوتی ہے۔کیونکہ جوانی میں ہی اچھائی اور برائی کی جنگ اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پسماندگی ختم کرنے میں اسلامی جمعیت طلبہ کی بہت سی خدمات ہیں۔نیک اور باکردار نوجوان ہی ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے اس لیے نوجوان پڑھائی اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان طبقہ مسائل اور بے روزگاری کے باوجود بہت زیادہ صلاحیتوں سے لیس ہے جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع ہییں مگر بدقسمتی سے حکومتی سطح پر باصلاحت نوجوانوں کی سرپرستی کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تعلیم پر توجہ دیں اوربے دینی، لسانیت فرقہ واریت جیسے تباہی کے راستوں سے دور رہیں اور معاشرے کا کارآمد فرد بنتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔