فضل الرحمن کے مارچ سے کوئی پر یشانی نہیں، شو فلاپ ہوگا، گور نر پنجاب

136

لاہور (نمائندہ جسارت) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سمیت کسی کو مولانا فضل الر حمن کے مارچ سے کوئی پریشانی نہیں، اپوزیشن میں کسی ایک جماعت کا نام بتائیں جو مولانا فضل الرحمن کے احتجاجی مارچ میں شر یک ہوگی۔ اپوزیشن بھی مولانا فضل الر حمن کے منفی ایجنڈے میں انکا ساتھ دینے کو تیار نہیں کیونکہ یہ وقت ملک میں احتجاج اور دھر نوں کا نہیں کشمیر کیساتھ اوربھارت کے خلاف کھڑ ے ہونے کا ہے ۔جمعرات کو کنگ ایڈ وارڈ میڈ یکل یونیورسٹی کے10کانووکیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے چودھری سرور نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اپوزیشن کو عام انتخابات میں بھی مستر د کر چکے ہیں اب بھی عوام اپوزیشن نہیں حکومت کیساتھ ہیں، مولانا فضل الر حمن کو بہت پرانا جانتا ہوں اور مجھے امید ہے مولانا اپنی ضد کو چھوڑ کراحتجاجی مارچ نہ کر نے کے بارے ضرور سوچیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے لیے آب پاک اتھارٹی نے کام شروع کر دیا ہے آئندہ 4 سال میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ پورا کر یں گے ،انہوں نے کہا کہ میں نے 17یونیورسٹیز میں مکمل میرٹ پر وائس چانسلر ز لگائے ہیں اور یونیورسٹیز کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کر دیا ہے۔ گور نر پنجاب نے13پوزیشن ہولڈرز ڈاکٹرز کو میڈلز بھی دیے ۔