عمران سرکار اپنی اصلاح کرے اپوزیشن کو دیوار سے نہ لگائے، لیاقت بلوچ

142

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے سیاسی کارکنان اور علما کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ریاستی طاقت اور جھوٹے پروپیگنڈے سے دیوار سے لگانے کے بجائے عمران خان سرکار اپنی اصلاح کرے ۔ پارلیمنٹ فعال بنائے ، قانون سازی کے لیے آرڈی نینس کا طریقہ ترک کرے ۔ مسئلہ کشمیر ، بھارتی جارحیت اور قومی بحرانوں کے مقابلے کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے ۔ قومی قیادت کے متحد ہونے سے بحران ٹل جائیں گے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اچھے بیانیے سے اہم ایشوز کو چھیڑا ۔ اس تقریر کے بعد کشمکش اور عالمی محاذ پر جنگ تو اب شروع ہوئی ہے لیکن حکومت کی نااہل ، کرپٹ ، سیکولر ، مذہب بے زار اور غیر ذمے دار کھلنڈرے افراد کی ٹیم ایسے مقابلے کی سکت نہیں رکھتی اور نہ ہی کوئی تیاری ہے ۔ تمام دینی جماعتوں ، قیادت اور دینی علمی دانشوروں کو اس محاذ پر کردار ادا کرنا ہوگا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ افراط زر ، بجلی ، گیس ، تیل کی قیمتیں ناقابل برداشت ہیں ۔ ٹیکس نفاذ کی غیر حکیمانہ حکمت عملی اور آئی ایم ایف ، ایف اے ٹی ایف کے دبائو پر قومی معیشت کا بیڑا غرق کردیاہے ۔ صنعت ، تجارت ،زراعت کا پہیہ جام ہے ۔ حکومت کوئی بات سننے کو تیار نہیں ۔ حکومت کی آنکھ ، کان اور فکر بندش کا شکار ہے ۔ غربت ، افلاس اور بے روزگاری کا لاوا پھٹے گا اس میں حکومت ہی غرق ہوگی ۔
لیاقت بلوچ