بڑھتی مہنگائی سے ثابت ہوگیا حکومتی رٹ عملاً ختم ہوچکی ہے ،جاوید قصوری

117

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص کارکردگی اور نااہلی سٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ سے ظاہر ہوگئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اس سال کے دوران 7 ہزار ارب روپے کا ریکارڈ قرضہ حاصل کیا ہے۔ اگست 2018ء سے اگست 2019ء کے دوران 4 ہزار 705 ارب روپے مقامی اور 2 ہزار 804 ارب روپے غیر ملکی قرضہ حاصل کیا گیا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے اور ہر محاذ پر ناکامی حکومت کا مقدر بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں مسلسل بڑھتی چلی جارہی ہیں۔ ایک سال کے دوران چوتھی بار قیمتوں میں اضافے اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی رٹ عملاً ختم ہوچکی ہے اور پرائس چیک اینڈ کنٹرول کرنے والے ادارے بے بس نظر آتے ہیں۔ میڈیسن کمپنیوں نے شوگر، بلڈ پریشر، السر کی ادویات 46 روپے تک مہنگی کردی گئیں۔ جن سے براہ راست غریب عوام متاثر ہوں گے۔ علاج معالجے کی بنیادی سہولیات بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور حکومتی وزرا کی ساری توجہ غیر ضرورتی اقدامات اور اپوزیشن کے ساتھ نبرد آزما ہونے پر ہے۔ جبکہ 22 کروڑ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہوچکی ہے اور انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص سراپا احتجاج ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام جو آس امیدیں لگا کر پی ٹی آئی کو جھولی بھر بھر کر ووٹ دیے تھے۔ آج وہی چکنا چور ہوچکے ہیں اور لوگ جھولیاں اٹھا اٹھا کر بد دعائیں دینے پر مجبور ہیں۔ ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔ کاروبار ٹھپ اور تاجر برادری سڑکوں پر ہے۔