کیا بی آر ٹی منصوبہ اس صدی میں مکمل ہوگا ؟ پشاور ہایکورٹ

194

پشاور(اے پی پی)پشاورہائیکورٹ نے بی آرٹی منصوبے کی تکمیل میں تاخیرکیخلاف دائررٹ پٹیشن کی سماعت16اکتوبرتک ملتوی کردی۔ دوران سماعت جسٹس محمدابراہیم خان نے استفسارکیا کہ بی آر ٹی منصوبہ اس صدی میں مکمل ہوگا؟پتا نہیں اس منصوبے کو ہم دیکھ پائیں گے کہ نہیں۔ وکیل درخواست گزارنے عدالت کو بتایا کہ بی آر ٹی ٹریک کو کراس کرنے کے لیے اوور ہیڈ برج زیادہ فاصلے پر بنائے گئے ہیں، ٹریک پرکام بھی سست روی کا شکار ہے، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کی طرف سے کمنٹس جمع ہوئے لیکن فائل پر موجود نہیں ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ بی آر ٹی اسٹیشنز پر کام جاری ہے جلد کام مکمل ہوجائے گا۔ جسٹس محمد ابراہیم خان نے استفسارکیا کہ بی آرٹی پرکتنے اسٹیشن ہیں؟ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ارشد خان نے کہا کہ ر وٹ پر26 اسٹیشن ہیں اس پرکام جاری ہے،26 اسٹیشن ہیں تو اس پر بھی کام مکمل ہونے میں کئی سال لگیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔